ابنا: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب اور نمائندے محمد خزاعی نے آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں، شام میں رونما ہونے والے انسانی المیے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ شام کی حکومت اور اس حکومت کے حقیقی مخالفین کے ساتھ تعمیری مذاکرات انجام پانے کے لئے کوششیں بروئے کار لائے تاکہ شام میں خونریزی اور فساد کاخاتمہ ہو۔ خزاعی نے کہا کہ شام میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگي نہ صرف شام کے عوام تک امداد رسانی ميں رکاوٹ ہے بلکہ مشرق وسطی اور دنیا میں امن و سلامتی خطرے سے دوچار ہوگئی ہے ۔ انہوں نے آج کے اجلاس ميں اس ملک کے حادثات سے متاثر ایک شامی بچے سے متعلق دکھائی جانے والی دلخراش ویڈیو فلم اور اسی طرح شام کے بدترین حالات کے سبب 25 لاکھ افراد کے بے گھر ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ شام کا بحران وجود میں آنے کا اصل منبع اور سرچشمہ تلاش کرنا چاہئے ۔ محمد خزاعی نے کہا کہ شام میں بیرونی مداخلت کے سبب ، یورپ سے لے کر افریقہ تک کے ہزاروں دہشت گردوں کے شام میں داخل ہونےسے یہ ملک دہشت گردوں اور انتہا پسند کے گڑھ ميں تبدیل ہوگيا ہے جس سے دنیا کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔
.......
/169